لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم اولمپکس میں شرکت کے لئے انگلینڈ روانہ ہو گئی ہے۔ ہیڈ کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں پہلے مرحلے کو عبور کرنا ان کا ٹارگٹ ہے۔
انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر رسول کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پا لیا گیا ہے اور امید ہے کہ ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان سہیل اعباس نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے۔ کھلاڑی جان لگا کر کھیلیں گے، اولمپکس میں کامیابی کے لئے قوم دعا کرے۔
قومی ہاکی ٹیم 22 جولائی تک برمنگھم میں ٹریننگ کرے گی۔ جس دوران تین پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ جبکہ اولمپکس سے قبل ٹیم لندن میں چوبیس جولائی کو بیلجیم اور چھبیس جولائی کو ہالینڈ کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔