چمن : (جیو ڈیسک)دفاع پاکستان کونسل کا نیٹو سپلائی کے خلاف لانگ مارچ چمن پہنچ گیا۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ نیٹو کو رسد کی بحالی روکنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔امریکا کو پاکستان میں مداخلت کا کھلا لائسنس دے دیا گیا۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کے احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے۔
نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف کوئٹہ سے نکالا جانے والا لانگ مارچ چمن پہنچا۔ جس کی قیادت کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کی ۔ مظاہرین نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
لانگ مارچ کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نیٹو سپلائی کو روکا جائے تا کہ پاکستان میں امریکی مداخلت کا خاتمہ ہوسکے۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے امریکا کو پاکستان میں مداخلت کرنے کا کھلا لائسنس دے دیا گیا۔ جس کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی روکنے کے لیے سپلائی روٹس پر بھی دھرنا دیا جائے گا ۔ لانگ مارچ ریلی کا چمن میں مقامی آبادی نے بھرپوراستقبال کیا۔