ملتان : (جیو ڈیسک) قومی اسمبلی کی نشست ایک سو اکیاون ملتان میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے۔ بعض پولنگ اسٹیشنز پر امیدواروں کے حامیوں میں تصادم ہوا۔ لسٹوں میں نام نہ ہونے پر ووٹرز نے احتجاج کیا۔حلقہ این اے ایک سو اکیاون میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ سیکیورٹی کے سخت انتطامات کے باوجود خیر پور بھٹہ اور بنڈہ سندیلہ کے پولنگ اسٹیشنز پر دو گروپوں میں تصادم ہوا جس پرپولنگ روکنا پڑی۔ پولیس کی موجودگی میں دونوں گروپ لڑتے رہے لیکن پولیس نے مداخلت نہیں کی۔
بعض مقامات پر ووٹرز نے الیکشن کمیشن کی ٹرانسپورٹ نہ ملنے کا شکوہ تو بعض کو فہرستوں میں نام نہیں ملے۔ اس مسئلے کی شکایت کرنے والوں میں عبدالقادر گیلانی بھی شامل تھے۔ پولنگ اسٹیشن نمبر پچیس میں مشتعل افراد نے پولنگ اسٹیشن کا گھیرا کر لیا۔ مظاہرین نے ووٹ کا اندراج نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کیا۔
پانی اور بجلی نہ ہونے کے باعث ایک پولنگ اسٹیشن پر خاتون پولنگ افسر بے ہوش ہوگئیں۔ قومی اسمبلی کی اس نشست کے لئے دس امیدوار میدان میں ہیں،، شہر میں آج عام تعطیل ہے اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔