لالہ موسی(جیوڈیسک)پیپلزپارٹی اور ق لیگ نے آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کہتے ہیں ملتان کا ضمنی انتخاب پیپلزپارٹی کے حق میں ریفرنڈم ہے ۔ انتخابی سیاست زوروں پر ہے، ایک طرف اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے اتحاد کیلئے کوشاں ہیں تو دوسری جانب حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے بھی انتخابی اتحاد کی تیاریاں کر لی ہیں ، موجودہ حکومتی اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق نے آئندہ الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے لالہ موسی میں میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے ۔ ۔ چیف الیکشن کمشینر کی متفقہ تقرری حکومت کی مفاہمتی پالیسی کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اجلاس جلد بلایا جائے گا جس میں وزیر قانون ملکی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔