کروڑوں پاکستانیوں اور اہل خانہ کی دعائیں رنگ لے آئیں، ایم وی البیڈو سے رہا ہونے والے ساتوں پاکستانی صومالی قزاقوں کے چنگل سے آزاد ہو کردبئی پہنچ گئے ہیں یہ پاکستانی آج وطن پہنچیں گے۔
مرچنٹ ویسل البیڈو کے عملے کے سات پاکستانیوں کو تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کرا لیا گیا۔ صومالیہ قزاقوں نے ایم وی البیڈو کے عملے کو چھبیس نومبردو ہزار دس میں یرغمال بنایا تھا۔ اور ان کی رہائی کے بدلے دس کروڑ ڈالر تاوان مانگا تھا۔ تاوان میں تاخیر پر قزاق تین پاکستانیوں سمیت نو افراد کو صومالیہ کے جنگلوں میں لے گئے۔
ان افراد کی ویڈیو ایک ماہ پہلے منظر عام پر آئی تھی۔ قزاقوں نے عملے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔ جہاز کا عملہ تیئس افراد پر مشتمل تھا۔ یہ لوگ تقریبا دو سال سے صومالی قزاقوں کی قید میں تھے۔ دوران قید ایک یرغمالی بیمار پڑ گیا اور زندگی کی بازی ہار گیا۔