اسلام آباد (جیوڈیسک)وفاقی وزیر برائے سروسز اینڈ ریگولیشنز فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی کی راہ میں حائل رکاوٹوں میں سے ایک ڈرگ کورٹس کی کمی بھی ہے اور وہ اس معاملے پر چیف جسٹس سے ان کے چیمبر میں ملاقات بھی کریں گی۔
اسلام آباد میں نجی ادویہ ساز کمپنی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ بیس کروڑ کی آبادی کیلئے صرف دس ڈرگ کورٹس ہیں ۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ استعمال شدہ سرنج کے دوبارہ استعمال کو روکنے سمیت غیر معیاری سرنجوں کی فروخت کو روکنے کیلئے وفاقی سطح پر قانون سازی کی جائے گی اور معاملہ جلد کابینہ میں لے جایا جائے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کاکہناتھاکہ ایفی ڈرن کیس وزارت سروسز اینڈ ریگولیشنز بننے سے پہلے کا معاملہ ہے۔