اسلام آباد(جیوڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایم ایم اے اب بھی دینی جماعتوں کا سیاسی اتحاد ہے، رمضان المبارک کے بعد اس کا اجلاس طلب کیا جائے گا، ایم ایم اے فعال ہو گئی تو دفاع پاکستان کونسل نظر نہیں آئے گی۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کے فعال ہونے پر دفاع پاکستان کونسل کہیں نظر نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دس سال سے ایک سیاسی جماعت کی قیادت پر الزام تراشیاں کر رہے تھے جب دوسری جانب سے جواب آیا تو وہ برا مان گئے ۔ انہیں برداشت کرنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو عدلیہ کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، عدلیہ کے فیصلے جیسے بھی ہیں، ہم تسلیم کرتے ہیں مگر ججوں کو بھی سیاسی ریمارکس سے اجتناب کرنا چاہیے۔