لندن(جیوڈیسک)جمیکا کے یوسین بولٹ دنیا کے تیز ترین انسان بن گئے ہیں۔۔۔ لندن اولمپکس کی سو میٹرز دوڑ میں بولٹ ایک بار پھر اولمپک ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
لندن اولمپکس کا شو پیس جو سو میٹرز کی دوڑ کو سمجھا جاتا ہے اس میں جمیکا کے یوسین بولٹ اپنا ہی بنایا ہوا عالمی ریکارڈ تو نہ توڑ سکے لیکن اولمپک کی تاریخ کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ یوسین بولٹ نے سو میٹرز کی ریس کا فیصلہ نو اعشاریہ چھ تین سکینڈز میں پورا کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔
جمیکا کے ہی ایک اور برق رفتار ایتھلیٹ یوہان بلیک جنہوں نے لندن اولمپکس میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بلیک نے سو میٹرز کا فاصلہ نو اعشاریہ سات پانچ سیکنڈز میں طے کر کے چاندی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے۔ امریکہ کے جسٹن گیٹلین چار سکینڈ کے فرق سے تیسرے نمبر پر آئے اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔