کراچی (جیوڈیسک)بجلی کا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا۔ شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔ کراچی اور پشاور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ ملک میں بجلی کا بحران ایک بار پھر سنگین صور ت اختیارکرگیا ہے۔ کاروبار ٹھپ ہوتاجارہاہے۔ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر دوبارہ چار ہزار میگاواٹ سیتجاوز کرگیا ہے۔ شہروں میں دس، دس گھنٹے اور دیہات میں چودہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
بجلی کیستائے عوام دوبارہ سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ کراچی کے علاقے ماری پور میں لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں نے احتجاج کیا۔ جس کی وجہ سے ماری پور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر نذرآتش کئے اور نعرے لگائے۔
پشاور میں تاجر تنظیموں کی اپیل پر واپڈا کیخلاف احتجاج کیاگیا ۔ اندرون شہر کے تاجروں کی بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔