پاکستان کے شمال مغربی قبائلی خطے میں اتوار کو ایک بم دھماکے اور لڑاکا طیاروں کی عسکریت پسندوں بم دھماکے کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری میں تین فوجیوں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے۔عسکری ذرائع نے بتایا کہ بم دھماکا شمالی وزیرستان میں ہوا جہاں میر علی سے سرحدی خطے کے انتظامی مرکز میران شاہ کی طرف سفر کرنے والے ایک فوجی قافلے میں شامل گاڑی سڑک میں نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
طاقتور دھماکے میں تین فوجی ہلاک اور تین زخمی جب کہ گاڑی تباہ ہو گئی۔
افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان مقامی اور غیر ملکی جنگجوں کی آماج گاہ سمجھا جاتا ہے جہاں امریکی حکام کے بقول افغان جنگجوں کا حقانی نیٹ ورک سرحد پار افغانستان میں نیٹو افواج پر مہلک حملوں ملوث ہے۔ادھر ملحقہ اورکزئی ایجنسی نامی قبائلی علاقے میں مقامی انتظامیہ کے مطابق عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر پاکستانی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے بمباری کر کے کم ازکم 10 جنگجوں کو ہلاک اور ان کے تین ٹھکانے تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔
یہ کارروائی ماموزئی، ندر میلہ اور برمیل میں کی گئی۔پاکستان حکام کے بقول اورکزئی میں 90 فیصد علاقے میں شدت پسندوں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے تاہم بعض حصوں میں ان عناصر کی سرگرمیوں جاری ہیں۔