عمران کھوٹے سکوں سے ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتے: اعتزاز

AITZAZ AHSAN

AITZAZ AHSAN

سابق صدر سپریم کورٹ بار چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کھوٹے سکوں سے ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتے، ملک میں جمہوریت چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کی وجہ سے آئی ورنہ آج بھی مشرف بیٹھا ہوتا۔

ایوان اقبال لاہور میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت اور آئین میں دی گئی معیاد کے مطابق ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ سادہ اکثریت سے منظور کئے گئے قوانین کو کالعدم قرار دے سکتی ہے۔ تمام ادارے اپنے اپنے اختیارات کی حدود میں رہیں تو کوئی تصادم نہیں ہوگا۔ اگر ہر ادارے نے یہ کہنا شروع کردیا کہ ہم سپریم ہیں کہ پھر دو تہائی اکثریت والی پارلیمنٹ ہی سپریم ہے۔ اگر گھورنے پر بھی جج لوگوں کو جیل بھیجنے پر اتر آئے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ میں درست بات کو ہر جگہ بلند آواز میں کہتا ہوں چاہے وہ میری جماعت کا فورم ہو یا کوئی اور جگہ۔ پیپلز پارٹی کے خلاف شدید بغاوت کرکے دو مرتبہ عدلیہ بحالی کے لئے لانگ مارچ کیا۔ اتنے اختلافات کے باوجود میں پیپلز پارٹی میں ہی رہا۔ یہی پی پی کا حسن ہے اور میں ہمیشہ پی پی میں رہونگا۔ چوہدری اعتزاز احسن نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کھوٹے سکوں سے نہیں آتی۔ اگر آج مشرف ہوتا تو پی پی پی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں جو چہرے شامل ہوئے ہیں وہ مشرف کے قدموں میں ہوتے۔ ان بکھرے ہوئے ستاروں کو اللہ ہی ہدایت دے۔