جرمنی کی مشہور تنظیمات کے نمائندوں اور عام پاکستانیوں کی بھر پور شرکت سفیر پاکستان عبدالباسط نے پاکستانی پرچم لہرایا، ہیڈ آف چانسری، علی حیدر الطاف نے صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے
Pakistani Ambassador Germany Abdul Basit
جرمنی(APNAانٹرنیشنل/انجم بلوچستانی)برلن بیورو کے مطابق پوری دنیا میں پاکستان کی آزادی کی چھیا سٹھویں سالگرہ بڑے جوش و خروش سے منائی گئی۔دیگر یورپی ممالک کی طرح جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی سفارتخانہء پاکستان میںپاکستان کا چھیاسٹھواں یومِ ِ آزادی منانے کے لئے آج صبح پاکستانی سفارتخانے میںپرچم کشائی کی ایک پر وقارتقریب منعقد ہوئی۔جس میںانجمن پاکستان، ایشین جرمن رفاہی سوسائٹی،پاک محمد مسجد،پاکستان مسلم لیگ(ن)،پاکستان عوامی تحریک یورپ اورمنہا ج القرآن انٹرنیشنل برلن کے عہدیداران نے شرکت کی۔برلن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراداور سفارتخانے کے اہلکار بمع اہل و عیال اس تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ سفیرِ پاکستان برائے جرمنی، جناب عبدالباسط نے قومی ترانے کی گونج میں پاکستانی پرچم بلند کیا۔ اس کے بعدہیڈ آف چانسری، جناب علی حیدر الطاف نے یومِِ آزادی کے موقع پر صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔آخر میں سفیر پاکستان جناب عبد الباسط نے جرمنی میںمقیم پاکستانی کمیونٹی کو ٦٦ویں یومِ آزادی کی مبارک مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ” برصغیر کے مسلمانوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی رہنمائی میں ایک الگ ملک کے قیام کے لئے بھرپورجدوجہد کی۔١٩٤٧ء کو اس اہم دن کے موقع پر پاکستان کا دنیا کے نقشے میں اُبھر کر آنا اللہ تعالی کا عظیم انعام اورایک معجزہ تھا۔ پاکستان کو اللہ تعالی نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے اسکی حفاظت کریںاور اسے ایک پُر امن اور خوشحال ملک بنائیں، جس کا خواب ہمارے آباء اجداد نے دیکھا تھا۔”
عبدالباسط صاحب نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیاکہ وہ آپس میں اتحاد و یگانگت کے ساتھ رہیں اور جرمن شہریوں کے ساتھ اپنے روابط بڑھائیں تاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سیاست، معیشت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکیں ۔ اسکے بعد سفیر پاکستان پاکستانیوں سے گھل مل گئے اور انکے ساتھ تصاویر بنوائیں۔میڈیا کی نمائندگی تحریک منہاج القرآن کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے یورپ اور ایشین پیپلز نیوز ایجنسی کے چیف ایگزیکٹئو جناب محمد شکیل چغتائی اور شان پاکستان کے ظہور احمد نے کی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے دونوں گروپوں کی عدم موجودگی شدت سے محسوس کی گئی۔