پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی اکثریت موجودہ طرز حکومت سے انتہائی بیزار ہے
Posted on August 15, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی اکثریت موجودہ طرز حکومت سے انتہائی بیزار ہے کیونکہ مہنگائی ،بے روزگاری ،کرپشن اور ناانصافی عروج پر ہے اقتدار پر براجمان طبقہ قومی وسائل کو جی بھر کر لوٹ رہا ہے ان خیالات کااظہار خالد پرویز بٹ آزادکشمیر کے تاجر راہنما اور عوامی حقوق کے علمبردار نے کیا انہوںنے کہا کہ تمام اشیاء پر سیلز ٹیکس کیساتھ ساتھ اب تمام اشیاء کی خریداری پر 0.50% انکم ٹیکس بھی یکم جولائی سے لاگو کر دیا گیا ہے جو کہ ظلم عظیم ہے اور اسی طرح آزادکشمیر میں ٹول ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس میں بھی کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
اسی طرح پراپرٹی کی خرید وفروخت پر بھی ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا اگر ٹیکس لگانا باقی رہ گیا ہے تو منہ میں ڈالے جانے والا نوالے پر بھی ٹیکس لگانا رہ گیا ہے اگر یہی صورتحال جاری رہی تو کھانے کے ہر نوالے پر بھی ٹیکس عائد کردیا جائیگا یہ عوامی ھکومت کا ظلم وستم جو جاری ہے انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جب تمام روز مرہ کی اشیاء پر ٹیکس لگا دیا جائیگا تو یہ سارا بوجھ عوام پر ہی پڑے گا۔
اس لیے مکاتب فکر کیلئے لمحہ فکر یہ ہے کہ ھکمرانوں اور انکے خواریوں کیخلاف عوام اٹھ کھڑے ہوں اور حقوق حاصل کرنے کیلئے تمام پر امن ذرائع اختیار کیے جائیں اگر داد رسی نہ ہوئی تو پھر مزاحمتی تحریک کو روکنا حکومت کے بس میں نہیں رہے گا انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد موجودہ بجٹ میں فنانس بل کے ذریعہ لگائے جانے والے ٹیکسز کیخلاف پرامن تحریک چلانے کیلئے آزادکشمیر کے تمام تاجر ، ٹرانسپورٹرز اور دیگر عوامی حقوق کیلئے جدو جہد کرنے والی تنظیموں کیساتھ ملکر رابطہ مہم شروع کی جائیگی اور انشاء اللہ آزادکشمیر کے عوام سیاسی و ذاتی وابستگیوں کو بالا ئے طاق رکھتے ہوئے اپنے غضب شدہ حقوق کی باز یابی کیلیئے بھرپور کردار ادا کرینگے ۔