تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی: عمران خان

لاہور, اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری کے 60 ملین ڈالر بچانے کے لئے ساری جماعتیں اکٹھی ہو گئی ہیں۔ 60 ملین ڈالر بچانے کیلئے عدلیہ پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ حکومت ملک بچانے کیلئے شفاف الیکشن کرائے۔ سپریم کورٹ نہ ہوتی تو حکمران ملک بیچ چکے ہوتے۔ حکومت امریکی جنگ پر ماہانہ 90 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ امن مارچ کامیاب ہوا تو اچھے نتائج نکلیں گے۔

Imran Khan

Imran Khan

بیسویں آئینی ترمیم پر مک مکا کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف صرف آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ حکومت کو عبوری سیٹ اپ کیلئے جو بھی الیکشن لڑ رہا ہے اس کی رائے لینی چاہئے۔ عبوری سیٹ اپ کا مطلب نیوٹرل سیٹ اپ ہے اگر آپ نیوٹرل ایمپائر لے کر آ رہے ہیں تو ضروری ہے کہ کھیلنے والے بھی اسے نیوٹرل سمجھیں۔

عمران خان نے کہا چارٹر آف ڈیموکریسی 2 جماعتوں کے درمیان تھا، میثاق جمہوریت سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ملک میں بڑے بحران نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کیخلاف کیس کیوں نہیں کرتی، حکومت کا سپریم کورٹ کے ساتھ رویہ جمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔ سپریم کورٹ پر حملہ ہوا تو عدلیہ کا ساتھ دینگے۔علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے گذشتہ سال سے زیادہ عطیات شوکت خانم کو موصول ہوئے ہیں۔

شوکت خانم کینسر ہسپتال کے افطار ڈنر میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کورٹ میں جا رہا ہوں۔ ایسے افراد نے 15سال قبل بھی پراپیگنڈہ کیا جس کی وجہ سے 1992ء میں شوکت خانم ہسپتال بری طرح متاثر ہوا تھا۔ اس وقت اس انڈومنٹ فنڈ سے شوکت خانم کو دوبارہ بحال کر کے عروج دیا گیا۔