نوشہرہ(جیوڈیسک)نوشہرہ میں سیلابی ریلے سے بے گھر ہونے والوں کی اکثریت تک تیسرے روز بھی حکومتی امداد نہیں پہنچ سکی۔
ضلع نوشہرہ کے تقریبا ایک درجن دیہات میں بدھ کے روز موسلا دھار بارش کے دوران برساتی نالے میں آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچائی تھی جس میں چار افراد اور کئی مویشی بھی بہ گئے تھے۔ دنیا نیوز کے مطابق پیر پیائی اور اضاخیل پایان میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے اور اب بھی کئی خاندان کھلے آسمان تلے پڑے ہیں ۔ با اثر متاثرین نے تو خیمے اور خوراک کی چیزیں حاصل کر لیں لیکن بہت سے خاندان ان چیزوں سے محروم ہیں ۔ گزشتہ روز حکومت پنجاب کی طرف سے دی جانے والی امدادی اشیا بھی ابھی تقسیم نہیں کی گئیں۔
علاقے کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ان کے تباہ شدہ گھروں کی چار دیواریاں فوری طور پر تعمیر کرا دی جائیں ۔ اضاخیل پایان کا ایک سرکاری اسکول اور بنیادی صحت مرکز بھی سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں ایک صحت مرکز قائم کر دیا گیا ہے اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی مفت طبی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔