اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر روزمرہ اشیا کی مناسب نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے مزید ایک ہزار یوٹیلٹی اسٹور ملک بھر میں کھولے جائیں۔وزیراعظم سے نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی اور ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کی۔ چوہدری پرویز الہی نے وزیراعظم کو بتایا کہ وزرات صنعت یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے دوردراز علاقوں میں مزید ایک ہزار یوٹلٹی اسٹورز کھولے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹلٹی اسٹورز کے ذریعے کم آمدن طبقے کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے رمضان میں چار ارب کی سبسڈی کے ذریعے عوام کو ریلیف کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے عیدالفطر کے موقع پر امن وامان کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔