پاکستان(جیوڈیسک) تحریک انصاف نے ملک کیلئے معاشی پالیسی کا بھی اعلان کیا ہے۔ فوج، ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم سمیت تمام اداروں کے بجٹ میں کمی کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اقتدارمیں آ کر محصولات کو دگنا کر دے گی۔تحریک انصاف کی مجوزہ معاشی پالیس میں کہا گیا ہے کہ گڈ گورننس، توانائی بحران کے خاتمے، تعلیم و صحت کا بجٹ اور ٹیکس محصولات بڑھانے اور صنعتی ترقی کے لئے ایمرجنسی نافذ کی کی جائے گی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں، ججوں، جرنیلوں اور بیورو کریٹس کے اثاثے ویب سائیٹ پر دیئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس، ایوان وزیر اعظم اور ایوان صدر کو لائبریری اور تعلیمی اداروں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا بلدیاتی نظام ملک میں انقلاب لائے گا۔ تحریک انصاف کی معاشی پالیسی کے تحت زرعی ٹیکس سمیت ٹیکس محصولات میں اضافے کی ذمہ داری صوبوں کو دی جائے گی۔ ہر سال بیس لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو فنی اور پیشہ وارانہ تعلیم سے آراستہ کر کے ایک کروڑ نئی نوکریاں دی جائیں گی۔