سندھ (جیوڈیسک)صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا کہ لانڈھی جیل سے میاں شہباز شریف نامی ایک قیدی 10 دسمبر 2001 سے لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔شہباز شریف کے آنے کا ریکارڈ ہے لیکن جانے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
صوبائی وزیر قانون وجیل خانہ جات ایاز سومرونے سیکرٹری قانون سیکرٹری جیل خانہ جات اور آئی جی جیل خانہ جات کے ہمراہ سندھ اسمبلی کی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ایاز سومروکا کہنا تھا کہ اس قیدی کو لوگ شریف کے نام سے یاد کرتے ہیں لہذا ان کو چاہیے کو وہ خود کو قانون کے حوالے کردیں کیونکہ قانون سب کیلیے ایک ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی کہ میاں شہباز شریف کے جیل فرار کے واقعے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہباز شریف کی گمشدگی کا اشتہار بھی دے گی۔
صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ایاز سومرو کا کہنا تھا کہ اس وقت سندھ کی جیلوں میں قید 312 قیدیوں کی اپیلیں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں لہذا ہماری عدلیہ سے اپیل ہے کہ وہ سیاسی مقدما ت سننے کے بجائے قیدیوں کے مقدمات کی سماعت کریں۔ صوبائی وزیر قاون کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے پر غور کررہی ہے۔ ایاز سومرو نے کہا کہ ہماری حکومت کے دوران کسی قیدی کو سزائے موت نہیں دی گئی۔