ٹانزویل (جیوڈیسک)انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت دفاعی چیمپین آسٹریلیا کو ہرا کر تیسری بار چیمپئن بن گیا ہے۔ بھارت نے دفاعی چیمپئن کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
آسٹریلیا کے شہر ٹانزویل میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی بلے باز بھارتی بولرز کا اعتماد سے سامنا نہ کر سکے اور ابتدائی چار بیٹسمین صرف 38 اسکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم بوسیسٹو نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آوٹ رہے۔ایشٹن ٹرنر نے 43 اور ٹریوس ہیڈ نے 37 رنز بنائے۔بھارتی بائولر سندیپ شرما نے چار وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا کے دو سو چھبیس رنز کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن بھی آغاز میں لڑکھڑا گئی۔
اوپنر پرشانت چوپڑا بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے لیکن انمکت چند اور سمیت پٹیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔ انمکت چند نے چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے ایک سو گیارہ رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔
سمیت پٹیل 62 رنز کیساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ انمکت چند کو میچ کا جبکہ آسٹریلین بیٹسمین بوسیسٹو کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔