ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں، نشیبی علاقے زیر آب

Rains

Rains

آزاد کشمیر(جیوڈیسک)آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، مانسہرہ میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

ملک کے مختلف حصوں میں ابر کرم خوب جم کر برسا۔ حافظ آباد میں بادل ایسے جھوم کر برسے کہ گلیاں نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ سڑکیں زیر آب آ گئیں اور پانی دکانوں میں داخل ہو گیا۔ میر پور آزاد کشمیر میں بھی ابر کرم برسا موسم خوشگوار ہو گیا۔ کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ مانسہرہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

منڈی بہاالدین میں 103ملی میٹربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ گندا پانی گھروں میں داخل ہونے پر اہل علاقہ نے انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بورے والا میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں اور بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ انتظامیہ کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی پانی نکالنے میں ناکام رہی۔ محکمہ موسمیات کیمطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن سمیت شمالی اور جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔