شام کا بحران ، پورے خطے کے خلاف سازش ہے، شامی صدر

Syrian president

Syrian president

شام (جیوڈیسک) دمشق شام کے صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ شام کا بحران سارے خطے کے خلاف سازش ہے اور اس کا آغازان کے ملک سے کیا گیا ہے۔دمشق میں ایران کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بشار الاسد نے کہا کہ سازش کو ہر قمیت پر شکست دی جائے گی۔ شام کے صدر کا بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب ملک میں حزب اختلاف نے دمشق کے نواحی قصبے میں حکومتی افواج پر قتل عام کا الزام عائد کیا ہے۔

حزبِ اختلاف کے مطابق داریا نامی قصبے میں درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔اب تک اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔شام کے سرکاری ٹی وی نے ان دعووں پر تبصرہ تو نہیں کیا ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ،داریا کو دہشت گردوں کی باقیات سے پاک کر دیا گیا ہے۔صدر اسد کی حامی افواج نے داریا نامی قصبے پر کئی دنوں کی بمباری کے بعد ہفتہ کو بڑا حملہ کیا تھا۔