راولپنڈی (جیوڈیسک)رمشا مسیح کیس میں عدالت نے امام مسجدخالد جدون کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس نے خالد جدون کو حافظ زبیر کے بیان پر گرفتار کیا تھا۔
آج پولیس نے سخت سیکیورٹی میں امام مسجد خالد جدون کو راولپنڈی کی مقامی عدالت کے جج نصرمن اللہ کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس کی جانب سے خالد جدون کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی جس پر فاضل جج نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد میں جج کی جانب سے امام مسجد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات جاری کیے گئے۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔اس سے قبل حافظ زبیر نے مجسٹریٹ کو بیان ریکارڈ کرایا جس پر پولیس نے امام مسجد خالد جدون کو گرفتار کر لیا۔ حافظ زبیر نے بیان میں کہا ہے کہ مقدمہ کا مدعی عماد راکھ لیکر امام مسجد خالد جدون کے پاس آیا۔
امام مسجد خالد جدون نے راکھ میں کچھ قرآن پاک کے اوراق شامل کئے۔ حافظ زبیر نے بیان میں بتایا ہے کہ جس وقت یہ واقعہ ہوا وہ اعتکاف میں بیٹھا ہوا تھا اور اس نے امام مسجد کو ایسا کرنے سے منع کیا، حافظ زبیر کا کہنا تھا کہ امام مسجد نے کہا کہ ایسا کرنے سے کیس مضبوط ہوگا۔حافظ زبیر کے بیان پر پولیس نے امام مسجد خالد جدون کو گرفتار کر لیا۔