بھارت(جیوڈیسک)بھارت اور چین نے چار سالہ وقفے کے بعد مشترکہ جنگی مشقیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اعلان بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے منگل کو نئی دہلی میں اپنے بیجنگ کے ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا۔ دونوں ابھرتے ہوئے ایشیائی ممالک کے درمیان مشترکہ سرحد پر اکثر تنازعات ہیں اور انہوں نے 2008 میں ویزا امور پر اختلافات سمیت دیگر سفارتی مسائل کے باعث یہ مشقیں روک دی تھیں۔ انتھونی نے جنرل لیانگ گوانگ لی سے جو آٹھ سال کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر دفاع ہیں کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے مشترکہ فوجی مشقیں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتھونی نے کہا کہ ہم نے جنوبی ایشیائی، ایشیائی بحرالکاہل کی صورتحال سمیت بہت سے معاملات پر بات کی ہے۔
ہم نے سرحدی سمیت تمام امور پر کھلے دل سے اور خوشگوار ماحول میں مذاکرات کئے۔ 1962 کے بعد سے متنازع سرحدوں کا معاملہ بھارت اور چین کے بے نتیجہ مذاکرات کا موضوع رہا ہے جب دونوں ملکوں نے بھارتی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش میں مختصر جنگ لڑی تھی۔ چین کی طرف سے سرحد پر فوجی ڈھانچہ میں اضافہ بھارت کیلئے تشویش کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے جو بیجنگ کو روایتی حریف پاکستان سے بڑھ کر اپنی سلامتی کیلئے بڑے خطرے کے طور پر دیکھتا ہے۔