اسلام آبادپاکستان اور بھارت نے ویزا پالیسی میں نرمی کرنے پر اتفاق کر لیا ، 8 مختلف کیٹیگریز میں ویزے جاری کیے جائیں گے ، معاہدے پر باقاعدہ دستخط کل ( 8 ستمبر کو) ہونے کی توقع ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ویزا معاہدے پر اتفاق دفتر خارجہ اسلام آباد میں پاک بھارت سیکریٹری خارجہ مذاکرات میں ہوا۔ پہلی کیٹیگری میں سفارتی ویزا شامل ہے، جس کے تحت سفارت کار، قونصل مشن کے سربراہ، ارکان اور اہل خانہ کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔ دوسری کیٹیگری میں غیر سفارتی اسٹاف، بیوی بچے اور ذاتی ملازمین شامل ہیں۔ تیسری کیٹیگری کے تحت دونوں ممالک نے کسی تیسرے ملک جانے والے مسافروں کو 36 گھنٹے کا ٹرانزٹ ویزا بھی جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ چوتھی کیٹیگری میں سیاحتی ویزے پانچ مقامات اور چھ ماہ کے لیے جاری کیے جائیں گے۔دیگر چار کیٹیگری میں میڈیا، سول سوسائٹی، تاجر اور عوام شامل ہیں۔