ٹورنٹو (جیوڈیسک) کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں فلم “سلور لائنگ پلے بک” کی تشہیر ی مہم میں فلم کی کاسٹ اور عملے نے حصہ لیا۔ہدایتکار ڈیوڈ اورسل کی نئی فلم “سلور لائنگ پلے بک” میں مرکزی کردار نامور اداکار بریڈلے کوپر اور فلم ہنگر گیمز سے شہرت پانے والی ادکارہ جینیفر لارنس ادا کررہے ہیں۔ فلم کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا ۔
جس کے بعد پریس کانفرنس میں اداکاروں اور ہدایتکار کا کہنا تھا کہ وہ فلم کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ فلم “سلور لائنگ پلے بک” میں ایسے شخص کی کہانی دکھائی گئی ہے جو ذہنی بیماری کا شکار ہونے کے باعث اپنی بیوی، گھراور نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ فلم میں اس شخص کی بیماری سے لڑائی اور بعد میں صحت مند زندگی کی طرف کوششوں کو بھرپور انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ فلم اکیس نومبر کو امریکا سمیت مختلف ممالک کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔