کھلاڑیوں کی مایوس کارکردگی, پاکستان ٹی ٹونٹی میچ ہار گیا

t20 pakistan vs australia

t20 pakistan vs australia

پاکستان کی آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی میں وائٹ واش کرنے کی خواہش، خواہش ہی رہ گئی, آسٹریلیا نے بیٹنگ اور بائولنگ میں گرین شرٹس کے چھکے چھڑائے دیئے۔

پاکستان کی آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی میں وائٹ واش کرنے کی خواہش، خواہش ہی رہ گئی۔ آسٹریلیا نے جہاں بیٹنگ میں گرین شرٹس کے چھکے چھڑائے وہیں جواب میں 169 رنز کا ہدف بھی ناممکن بنا دیا۔ کپتان محمد حفیظ کی حکمت عملی جہاں ناکام رہی وہیں بلے بازی میں بھی ٹیم کے لیے کچھ نہ کرسکے اور محض پانچ بنا کر رخصت ہوگئے۔ عمران نذیر اور شعیب ملک اس ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان ہی ثابت ہوئے اور شائقین کی مایوسی کا سامان اکٹھا کرکے گرانڈ سے چلے گئے۔ اکمل برادران نے بھی انہیں کا ساتھ دیا اور پویلین جانے میں ذرا دیر نہ لگائی۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز یاسر عرفات بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 15 رنز کے سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ عمر گل 3 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے آئوٹ ہونے والے نویں کھلاڑی عبدالرزاق تھے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر صرف 13 رنز بنائے۔ سعید اجمل آئے اور صرف ایک رن ہی بنا پائے. اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمد حفیظ کا یہ فیصلہ کچھ زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ کرنے والے بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور واٹسن نے پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے پاکستان کے خلاف جاندار سٹروکس کھیلے اور پاکستانی بالروں کی خوب دھنائی کی۔ تاہم واٹسن یاسر عرفات کی ایک گیند پر عمر گل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ڈیوڈ وارنر بھی یاسر عرفات کی گیند پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آئوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ اس کے بعد گلین میکس ویل آئے انہوں نے بھی اپنی اننگز کا جاندار طریقے سے آغاز کیا تاہم 27 رنز کے سکور پر وہ رضا حسن کی گیند پر ناصر جمشید کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے. اس کے بعد پاکستانی سٹار بائولر سعید اجمل نے آسٹریلوی کپتان بیلی کا شکار کرکے ٹی ٹونٹی میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر کا اعزاز اپنے نام کیا. آسٹریلوی کپتان بیلی نے صرف 3 رنز بنائے. اس کے بعد عمر گل نے نئے آنے والے بلے باز وائٹ کو صفر پر آئوٹ کرکے پویلین کی راہ دکھائی. مائیکل ہسی ابھی جم کر کھیلنا شروع ہی ہوئے تھے کہ سعید اجمل کی وکٹوں کے اندر سونگ ہوکر آنے والی ایک شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے. اس کے بعد ڈینئل وارنر عمر گل کی ایک گیند پر اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے. آسٹریلوی ٹیم نے 8.40 کے رن ریٹ سے 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے.