کہوٹہ ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ قیام امن اور ملکی سلامتی کے لئے موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا۔ کہوٹہ میں وکلا اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بچانے کیلئے ایک بار پھر 1998 والا جذبہ پیدا کرنا ہو گا۔ اللہ کے فضل و کرم سے آج پاکستان ایٹمی قوت ہے اور دشمن کی جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے۔ موجودہ حکمرانون نے ملکی سلامتی کو دا پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردی، لاقانونیت، مہنگائی، اقربا پروری اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ سے عاجز آچکے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ان کی ذات پر جب کبھی الزامات عائد کئے گئے۔ سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے انہیں پیش کش کی لیکن انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔