پیپلز پارٹی سے اتحاد اپنی جماعت کی بقا کیلئے کیا کیونکہ نواز شریف نے ہمیں دیوار سے لگا نے کی کوشش کی ۔ شیخ وقاص اکرم

Sheikh Waqas Akram

Sheikh Waqas Akram

پیرس (منظور جنجوعہ سے) پیپلز پارٹی سے مسلم لیگ ق کے اتحاد کا ملک و قوم کو فائدہ نہیں ہے بلکہ ہم نے پیپلز پارٹی سے اتحاد اپنی جماعت کی بقا کیلئے کیا کیونکہ نواز شریف نے ہمیں دیوار سے لگا نے کی کوشش کی۔پاکستان نے دوہزار پندرہ تک تعلیمی شرح کو 86% تک لے جانے اور سیکنڈری تک سب کیلئے مفت تعلیم کا عزم کررکھا ہے ۔تعلیمی میدان میں آگے بڑھنا ہماری اولین ترجیح ہے اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت تعلیم ِ بالغاں کیلئے چالیس ہزار سنٹرز قائم کریگی ۔

ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روزوفاقی وزیر برائے تعلیم و ٹریننگ شیخ وقاض اکرام نے یونیسکو میں تعلیمی کانفرنس اور قائد لیگ فرانس کے صدر چوہدری شاہین اختر کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یونیسکو میں تعلیمی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے شرح تعلیم کے اضافے کا جو ٹارگٹ طے کیا ہے اس کے حصول کیلئے تعلیم بالغاں اور این سی ایچ ڈی کے تحت بہت سے ادار ے قائم کئے جائیں گے ۔ ہم ”تعلیم سب کے لئے ”کے نعرے پر عمل پیرا ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لارہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے لیگی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انداز ہ کہ پیپلز پارٹی سے اتحاد ہمارے کارکنوں کو پسند نہیں ہے ہم نے مسلم لیگ کے اتحاد کی بھرپور کوشش کی لیکن نواز شریف اس سلسلے میں بڑی رکاوٹ ہیں انہوں نے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی اور ہم نے اپنی جماعت کی بقا کیلئے پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا۔اس اتحاد کا ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا البتہ یہ ہماری جماعت کی بقا کیلئے ضروری تھا۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ صرف ڈیڑھ سے دو گھنٹے ہوتی تھی لیکن اس وقت عوام کا جینا حرام ہوچکا ہے لیکن اس کی ذمہ داری کسی ایک جماعت پر ڈالنا ٹھیک نہیں بلکہ اس کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔لوڈشیڈنگ کا کوئی فوری حل نہیں ہمیں اس کے ساتھ جینا ہے اس لئے بہتر ہے کہ دلیر قوم کی طرح اس عذاب کا مقابلا کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے یہ ہم سب سیاسی قائدین کا قصور ہے کہ جو نظریہ قائد دیکر گئے تھے ہم نے وہ پاکستان نہیں بنایا۔ میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے اس دور سے بُر ا دور نہیں دیکھا لیکن ہمیں ہمیشہ پرانا دور اچھا لگتا ہے شائد آنیوالے سالوں میں ہمیں یہ دور اچھا لگے۔اس عشائیہ کی نظامت کے فرائض ق لیگ فرانس کے سیکریٹری جنرل راجہ عابد حسین ایڈووکیٹ نے ادا کئے اور انہوں نے لیگی قیادت سے پیپلزپارٹی سے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ملک بنانے والی جبکہ پیپلز پارٹی ملک توڑنے والی جماعت ہے یہ تو آگ اور پانی کا ملاپ اور غیر فطری اتحاد ہے ۔ عشائیہ کے آخر میں میزبان چوہدری شاہین اختر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم مانیں یا نہ مانیں پاکستان کے حالات سے ہمارا دل بہت کڑھتا ہے شائد پاکستان میں رہنے والوں کو ملک کی قدر و قیمت کا احساس نہیں ہے ورنہ ملک کا یہ حال ہرگز نہیں ہوتا ۔

اس عشائیہ میں این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر جنرل خسرو پرویز بھی موجود تھے جس میںقائد لیگ کے مقامی قائدین راجہ علی اصغر، چوہدری ممتاز پکھوال،چوہدری سکندر گوندل، چوہدر ی غضنفر وڑائچ، چوہدری اکرم وسن، چوہدری اقبال خونن،مرزا نصیر احمد،عاصم ایاز ،چوہدری محمد ندیم ،چوہدری اشفاق ،چوہدری خالد اور پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد چوہدری ریاض پاپا ، چوہدری محمد اعظم ،راجہ محمد یعقوب،شیخ غلام حسین، سبط مزمل ،شمروز گھمن،شیخ وسیم اکرم،مرزا طارق بیگ ،ملک جمیل ،ملک پرویز اختر ، چوہدری امانت علی،ذوالفقار عباسی سمیت لیگی کارکنوں اور کمیونٹی کی بڑی تعدا د نے شرکت کی اور وزیر تعلیم کے سچی اور کھری باتوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔