سپریم کورٹ(جیوڈیسک)وفاقی وزرا اور حکومتی اتحادیوں نے سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کو مثبت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے اداروں کے درمیان تصادم کی صورتحال ختم ہوگی۔
فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کے درمیان تصادم نہیں چاہتی اور وزیر اعظم کی طرف سے وزیر قانون کو خط لکھنے کی اتھارٹی دینا اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ عدالتی حکم پر ہر صورت عمل درآمد ہو گا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دیر آید درست آید کے تحت بالآخر حکومت پچیس ستمبر تک خط کا ڈرافٹ تیار کر لے گی اور عدالتی حکم پر عمل درآمد ہو گا۔پیپلز پارٹی کی رہنما مہرین انور راجہ نے کہا ہے کہ حکومت اور عدلیہ نے قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے ایک بہترین فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ ایک تاریخی فیصلہ ہے ۔پاکستان مسلم لیگ قاف کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ سے پوری امید ہے کہ ایک ایسا راستہ نکل آئے گا جس میں دونوں اداروں کو استحکام حاصل ہو گا۔ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج کے فیصلے سے حکومت پر جو دبا تھا وہ ختم ہو گیا ہے اور اب عوامی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دی جاسکے گی۔