بھمبر انتظامیہ کی نااہلی اورغلط ایف آئی آر کے اندراج کیخلاف جلوس

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) بھمبر انتظامیہ کی نااہلی اور غلط ایف آئی آرکے اندراج کیخلاف ڈپٹی اپوزیشن لیڈر و سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ نون چوہدری طارق فاروق کی قیادت میں نکلنے والے جلوس پر پولیس کی فائرنگ اور شیلنگ 1کارکن گولی لگنے سے جان بحق اور2 زخمی۔تفصیلات کیمطابق اپوزیشن کے کارکنوں کیخلاف ہونے والی زیادتیوں کیخلاف حلقہ 7بھمبر کے مسلم لیگی کارکنوں نے چوہدری طارق فارو ق کی قیادت میں لٹھ بردار ریلی نکالی جو پی ایم ایل سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر جب احاطہ کچہری پہنچی تو مشتعل مظاہرین احاطہ کچہری کا داخلی گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور ڈپٹی کمشنر آفس کا گیٹ پھلانگنے کی کوشش کی تو پولیس نے فائرنگ اور شدیدشیلنگ شروع کردی ۔

جس سے مظاہرین کی احاطہ کچہری سے منتشر ہونا شروع ہو گئے اس دوران پولیس اور نون لیگ کے کارکنوں کے درمیان پتھراؤ کا سلسلہ بھی جاری رہا اس دوران نون لیگ کا ایک 35سالہ کارکن عبدالحمید ولد نور حسین ساکن سوکاسن پیٹ میں گولی لگنے سے جان بحق جبکہ 2کارکنان ٹھیکیدار محمد اکرم ساکن پتھو رانی اورمحمد رفیق ساکن پوٹھی پیٹھ زخمی ہو گئے پولیس اور نون لیگ کے کارکنان کے درمیان فائرنگ ،شیلنگ اور پتھراؤ کا سلسلہ ایک گھنٹہ جاری رہا جس کی وجہ سے احاطہ کچہری میدان جنگ بنا رہازخمی ہونے والوں کو اٹھانے کیلئے نون لیگ کے کارکنان بار بار احاطہ کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے لیکن پولیس کی جوابی کاروائی کی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکے ۔

شہری ،وکلاء اور صحافیوں کے شدید احتجا ج پر پولیس نے فائرنگ کا سلسلہ روکا اور اس دوران زخمی اور ہلاک ہونے والے کارکن کی ڈیڈ باڈی کو ایمبولینسوں کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا شیلنگ سے نون لیگ کے کارکنوں کے علاوہ صحافی ،وکلاء اور عام شہری بھی شدید متاثر ہوئے اس کے بعد نون لیگ کے کارکنان ضلعی سیکرٹریٹ میں جمع ہو گئے اور باب کشمیر پل سے بھمبر میرپور ،بھمبر کوٹ جیمل اور بھمبر گجرات روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا واقعہ کی رپورٹنگ کرنے میں ناصر شریف بٹ ،چوہدری خالد حسین ،ظہور احمد رضا اور شیرازپرویز مشتاق انتہائی متحرک رہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جھوٹے مقدمات کے اندراج کیخلاف شدید احتجا ج کرتے ہوئے ایس پی آفس کا گھیرا ؤ کیاتھا جس کے بعد نون لیگ نے بھی پیپلزپارٹی کے احتجاج کو کاؤنٹر کرنے کیلئے احتجاج کی کال دی تھی جس پر ضلعی انتظامیہ نے بھی پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیااور احاطہ کچہری کو چاروں طرف سے گھیررکھا اس حوالے سے جب SPبھمبر سے رابطہ کیا گیا ۔

 

تو انہوں نے موقف دیتے ہوئے کہاکہ چند دن پہلے پنڈی جہونجہ میں دو گروپوں کے درمیان دو مختلف جھگڑے ہوئے جن میں سے ایک واقعہ کی ایف آئی آردرج ہوئی اور اس سے پہلے دن ہونے والے واقعہ کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تھی جس پر گزشتہ روز سابق سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق کی قیادت میں ایک جلوس ایس پی آفس آیا جنہوں نے پہلے واقعہ کی ایف آئی آر درج نہ ہونے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور ایک نئی درخواست دی جس پر پولیس نے زیر دفع 448کی ایف آئی آر درج کی پہلا اور دوسرا پر چہ الگ الگ واقعات پر مشتمل ہے ۔

جس کی اطلاع جوں ہی ممبر اسمبلی چوہدری طارق فاروق کو ملی تو انہوں نے پورے حلقہ سے کارکنا ن کو مسلح ہو کر DCآفس پرحملے کی کال دیدی جس پر DCبھمبر نے احاطہ کچہری میں دفع 144نافذ کردی آج صبح نون لیگ کے مسلح کارکنا ن نون لیگ کے دفتر میں باب کشمیر کے قریب جمع ہوئے جہاں پر چوہدری طارق فارو ق نے انتہائی اشتعال انگیز تقریر کی اور ضلعی انتظامیہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے کا حکم دیا جس پرچوہدری طارق فاروق کی قیادت میں نون لیگ کے 400کے قریب کارکنان مسلح ہو کر ضلع کچہری پر حملہ آور ہوئے ۔

جنہوں نے پہلے احاطہ کچہری کا داخلی گیٹ توڑا اور اسکے بعد DCآفس کا گیٹ توڑا جسکے رد عمل کے طور پر پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ کی مظاہرین نے بھی جوابی فائرنگ اور پتھراؤ کیا جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا بھمبر کوئی قبائلی علاقہ نہ ہے کہ مسلح ہو کر ضلعی دفاتر پر حملہ کیا جاتا یہ صرف اور صرف بد معاشی اور غنڈہ گردی قائم کرنے کی کوشش تھی اس سے پہلے بھی چوہدری طارق فاروق کئی مرتبہ کچہریوں پر حملہ آور ہو ئے ہیں آج کے واقعہ کی تمام تر ذمہ داری چوہدری طارق فار ق پرہے اور اس واقعہ کی FIRبھی انکے خلاف درج کر لی گئی ہے ۔