پرتشدد مظاہرے پنجاب حکومت نے کرائے: رحمان ملک

rehman malik

rehman malik

وفاقی وزرا رحمان ملک اور قمر زمان کائرہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسلام آباد میں پرتشدد مظاہرے پنجاب حکومت نے کرائے۔ مظاہرین میں کالعدم تنظیم کے کارکن بھی شریک تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو تحریری طور پر مظاہرین کو روکنے کی ہدایات دی تھیں جن پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت سے تحقیقات کرائیں گے کہ گاڑیاں بھر کر مظاہرین کو کون اسلام آباد لایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں موجود افراد کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ فوج الرٹ ہے ضرورت پڑنے پر بلوایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل مظاہروں کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔ دوسری جانب دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ راولپنڈی سے آنے والے مظاہرین کو پنجاب پولیس نے کہیں بھی نہیں روکا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد آنے والے مظاہرین سیاسی نعرے لگا رہے ہیں ان کا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں۔