کراچی پولیس نے ارکان پارلمنٹ کی دوہری شہریت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے والوں میں سے ایک کوبھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے
کراچی پولیس نے ارکان پارلیمنٹ کی دوہری شہریت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے والوں میں سے ایک کو جھگڑے اور بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ان کی درخواست پر جمعرات کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے گیارہ اراکین پارلیمان کو دوہری شہریت کی بنیاد پر پارلیمان کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔
کراچی شرقی کے علاقے شاہراہ فیصل تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر بشیر نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس محمود اختر نقوی نامی ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کر کے لائی ہے۔
پولیس افسر کے مطابق محمود اختر نقوی پر جھگڑے کے دوران ایک شخص کی ناک توڑ دینے کا الزام ہے۔
رابطہ کرنے پر اس علاقے میں پولیس کے ڈی آئی جی شاہد حیات نے بتایا کہ اس شخص کو دفعہ تین سو سینتیس اور پانچ سو چھ بی کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے بقول ملزم کے خلاف عدالت میں مقدمات زیر سماعت تھے اور وہ ان میں پیش نہیں ہوئے لہذا عدالت کے حکم پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے جمعرات کو دوہری شہریت رکھنے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے گیارہ ارکان کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان سے تمام مراعات اور تنخواہیں واپس لینے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا ہے کہ ان ارکان کے علاوہ وزیرِ داخلہ رحمان ملک بھی دو ہزار آٹھ کے بیانِ حلفی میں غلط بیانی کرنے کی وجہ سے امین نہیں رہے اور آئین کی رو سے ایسا شخص رکنِ پارلیمان بننے کا اہل نہیں رہتا۔
عدالتی فیصلے کے تحت جن ارکان کو نااہل قرار دیا گیا ہے ان میں فرح ناز اصفہانی، فرحت محمود خان، نادیہ گبول ، زاہد اقبال، اشرف چوہان، وسیم قادر، احمد علی شاہ ، ندیم خادم، جمیل ملک، محمد اخلاق اور آمنہ بٹرشامل ہیں۔