تہران ایران نے فرانس میں شائع ہونے والے توہین آمیز کارٹون کی شدید لفظوں میں مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان مہمان پرست نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی ایسے نفرت آویز مواد کی اشاعت پر خاموشی اسلام فوبیا کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں توہین آمیز فلم کی تیاری اور اس کے بعد فرانسیسی جریدہ میں توہین آمیز کارٹوں کی اشاعت مسلمانوں کیخلاف ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت توہین آمیز کارٹوں کی اشاعت کی شدید لفظوں میں مذمت کرتی ہے اور مسلمانوں میں پائے جانے والے غم اور غصے میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے پیچھے یہودی لابی کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی شر انگیز کارروائیوں میں تمام دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ فرانسیسی حکومت مسلمانوں کے جذبات کو محسوس کرتے ہوئے اس گھنانے اقدام کی مذمت کرے گی۔