امریکا (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم قابل نفرت ہے، لیکن پاکستان میں احتجاج پر بھی تشویش ہے۔ پاکستانی وزیرخارجہ حناربانی کھرکا کہنا ہے توہین آمیزفلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔وزیرخارجہ حناربانی کھر نے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا فلم مخالف احتجاج کے دوران سفارتی عملے کی حفاظت پر وہ پاکستان کی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں امریکی سفارت خانوں کو تحفظ فراہم کریں۔ لیبیا میں امریکی سفیر کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ ملاقات میں امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے تجارتی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت کا فروغ چاہتا ہے، دہشتگردی کے خلاف دونوں ملک مل کر لڑیں گے۔
اس موقع پر حنا ربانی کھر کا کہنا تھا پاکستان امریکا سے تجارتی تعلقات مزید بڑھانے کا خواہش مند ہے، امریکی اقدامات سے یہ بات ظاہر ہونی چاہئے کہ اسے پاکستان کے مفادات کا خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دونوں کو دہشت گردی سے خطرہ ہے اور اس مسئلے سے دونوں کو مل کر نمٹنا ہو گا۔ افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال پر پاکستان کو تشویش ہے، امریکہ کو افغانستان میں سیکیورٹی کا خلا نہیں چھوڑنا چاہئے۔