پیپکو (جیوڈیسک) سکھرالیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے نرخوں میں 2روپے 87 پیسے سے 5 روپے 12 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ نیپرا سیپکو کی درخواست کی سماعت آٹھ اکتوبرکو کرے گا۔نیپرا کے مطابق سکھرالیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ مالی سال دو ہزار بارہ تیرہ کیلئے طلب کیا ہے جبکہ پٹیشن میں کمپنی نے لائن لاسز کی شرح چونتیس اعشاریہ نو فیصد ظاہر کی ہے۔
پٹیشن کے مطابق سو یونٹ تک کے گھریلوصارفین کیلئے دو روپے ستاسی پیسے، تین سو یونٹ تک کے سارفین کیلئے تین روپے چھیاسی پیسے، سات سو یونٹ تک کے صارفین کیلئے چار روپے اڑتیس پیسے اور اس سے اوپر بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لئے چار روپے نواسی پیسے فی یونٹ اضافہ طلب کیا گیا ہے تاہم پچاس یونٹ تک کے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔پٹیشن میں کمرشل صارفین کیلئے پانچ روپے بارہ پیسے فی یونٹ جبکہ زرعی اور صنعتی صارفین کیلئے بھی بجلی کے نرخوں میں چار روپے نواسی پیسے فی یونٹ تک اضافہ طلب کیا گیا ہے۔