صدر زرداری آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکا آئے ہوئے صدر زرداری کی امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات ہوئی جس میں گستاخانہ فلم، غلام احمد بلور کا بیان، پاک امریکاتعلقات، دو طرفہ سرمایہ کاری، دہشت گردی، افغانستان اور نیٹو سپلائی لائن سمیت متعدد امور زیربحث رہے۔ ملاقات میں صدر زرداری کے اتحادی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
ملاقات کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ ملاقات بہت فائدے مند رہی ہے اورامریکا کو پاکستان میں مختلف شعبوں خاص کر توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں غلام احمد بلور کے بیان پر احتجاج کیا گیا ہے جس پر صدر زرداری اور اسفند یار ولی نے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ اسفندر یار ولی نے غلام احمد بلور کی قسمت کا فیصلہ ائے این پی کے آئندہ اجلاس میں کرنے سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر زرداری سے ہر ملاقات میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کا معاملہ اٹھایا ہے اور اسکے علاوہ امریکا اور پاکستان دونوں کا موقف ہے کہ حقانی نیٹ ورک پاکستانی نہیں ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ ہلیری کلنٹن نے پاکستان میں امریکی سفارت خانوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔