کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 4 سگے بھائیوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے، کراچی بار کے جوائنٹ سیکریٹری رفعت رضا کی گاڑی پر فائرنگ میں ان کے بہنوئی زخمی ہوئے، پولیس مقابلے میں دو ڈاکو بھی مارے گئے۔کراچی میں ڈسکو موڑ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 سگے بھائی شدید زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔
ان کا تعلق اہلسنت و الجماعت سے تھا جنکی شناخت عبدالمعیز، عبدالفرید، عبدالمقیم اور عبدالوحید کے نام سے کی گئی ہے۔ اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں جوئے کے اڈے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ملیر ملت نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ جوہر چورنگی کے قریب فائرنگ کر کے خالد ہاشمی کو قتل کر دیا گیا۔ سخی حسن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے۔ اس سے قبل مچھر کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی۔
ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں فا ئرنگ سے شعیب ہلاک ہو گیا۔ گارڈن کے علاقے میں کراچی بار کے جوائنٹ سیکریٹری پر رفعت رضاکی گاڑی پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ رفعت رضا تو فائرنگ سے بال بال بچ گئے تاہم ان کے بہنوئی زخمی ہو گئے۔ بلوچ کالونی میں فائرنگ سے فرہاد جاں بحق ہو گیا۔ گلستان جوہر میں رہائشی فلیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی۔