جھوٹ کے دن تھوڑے، ہماری عوامی خدمات کی سچائی سامنے آ رہی ہے: چودھری پرویزالٰہی

گجرات (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما ونائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جھوٹ کے دن تھوڑے ہوتے ہیں ہماری عوامی خدمات کی سچائی سامنے آ رہی ہے، ترقی کے میناروں کی جھوٹی بڑھکیں مارنے والے شریف برادران کو چیلنج ہے کہ ہماری عوامی خدمت اور فلاح کی 14 نئی اور مکمل طور پر کامیابی سے ہمکنار ہونے والی سکیموں کے مقابلہ میں اپنا ایک کام بھی دکھا دیں یہ اپنی شروع کردہ تمام سکیموں کو ناکامی کے بعد تنور میں جھونک کر لاہور میں بس کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اگر یہ پنجاب میں بجلی کی پیداوار کے ہمارے منصوبے نہ روکتے تو آج صوبہ میں لوڈشیڈنگ نہ ہوتی۔ وہ گجرات میں چودھری ظہورالٰہی شہید کی 31 ویں برسی پر بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں ہر شعبہ زندگی کے افراد اور نمائندوں نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی فیملی عوامی خدمت کا چراغ ہمیشہ روشن رکھے گی، 31 سال پہلے ہم نے گجرات کو سنوارنے کا جو عہد کیا تھا اس کو مزید بہتر بنانے کا ایک بار پھر عہد کرتے ہیں۔

اہل گجرات ہماری اور ہم ان کی شناخت ہیں، اس صوبے اور پاکستان کی ترقی ہمارا مشن ہے اللہ تعالیٰ نے جب بھی موقع دیا میں نے بطور وزیراعلیٰ اور چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم بہتر فلاحی اقدامات کیے، ہماری سیاست کا محور ہمیشہ غریب آدمی کا بہتر مستقبل رہا ہے، شہباز شریف غریبوں کے سکولوں کے سرکاری فنڈز روک کر دانش سکولوں کو دے رہے ہیں حالانکہ ان سے انعام لینے والے طلبہ و طالبات ہمارے انہی سکولوں کے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریف برادران کو اللہ تعالیٰ نے اچھے کام کرنے کی توفیق نہیں دی، انہیں عوامی مسائل و مشکلات کا احساس ہے اور نہ کوئی ہمدردی، پنجاب کے تمام فنڈز چھین کر لاہور کو تقسیم کرنے والی بس سروس پر لگا دئیے ہیں انہیں چاہئے کہ غریب عوام پر رحم کریں، میں نے گجرات یونیورسٹی بھی بنائی جس میں ٹرانسپورٹ سمیت تمام جدید سہولتوں کے ساتھ ہزاروں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یہ اس جیسی ایک مثالی یونیورسٹی ہی بنا کر دکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ بار بار کہہ رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کا دور سنہری دور تھا کیونکہ ہم نے پنجاب کے عوام کی خدمت کیلئے 1122 سروس، ٹریفک وارڈن، مفت تعلیم و کتابیں، بچوں کیلئے وظیفہ، کنزیومر کورٹس، اقلیتوں کیلئے وزارت، ان کی عبادت گاہوں کیلئے فنڈز دینے، ساڑھے بارہ ایکڑ تک اور پانچ مرلے تک کے گھروں پر ٹیکس معاف، پٹرولنگ پوسٹیں قائم کرنے کے علاوہ ٹیل تک پانی کی فراہمی، پانی چوری اور چائلڈ لیبر کو روکنے کے ادارے قائم کیے۔

انہوں نے الزام تراشی اور جھوٹے وعدوں و دعوئوں کے سوا کچھ نہیں کیا، پانچ سال بعد حقیقت کھل کر عوام کے سامنے آ گئی ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کیلئے کام کیا تھا، میں نے اپنے دور میں پنجاب میں 212 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنائے تھے جن پر انہوں نے عمل نہیں کیا، ہم آج بھی عوام کی فلاح کیلئے کام کر رہے ہیں، چودھری وجاہت حسین نے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام مزدوروں کیلئے 500 بیڈ کا ہسپتال اور میڈیکل کالج بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کا افتتاح چودھری شجاعت حسین جلد کریں گے جس میں مزدوروں کے بچوں کو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار میڈیکل کی تعلیم مفت دی جائے گی۔ چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، امتیاز رانجھا، اکرم مسیح گل، ریاض اصغر چودھری، سردار طالب نکئی، سردار آصف نکئی، نعمان لنگڑیال، ارکان پنجاب اسمبلی عبد اللہ یوسف وڑائچ، جاوید اصغر گھرال، ذوالقرنین ساہی، وزیر صنعت آزاد کشمیر چودھری اکبر ابراہیم، عظیم نوری گھمن، میاں عمران مسعود، رحمن نصیر سابق ایم این اے، میاں ہارون مسعود، علیم عادل شیخ، صفدر وڑائچ، صدر لاہور سٹی پیپلزپارٹی افنان بٹ، نائب صدر فضل بٹ، حافظ اخلاق، سابق ارکان اسمبلی عارف گوندل، حاجی امداد حسین، خلیل بھٹی تحصیل صدر سیالکوٹ، ذوالفقار گھمن، میاں صدیق، سید فقیر حسین بخاری، نجیب اشرف چیمہ، افتخار شاکر، زاہد اقبال چودھری صدر یوتھ ونگ، عامر ندیم طفیل، حنیف حیدری، ڈاکٹر محمد ایوب قادری، چودھری انعام الحق، ذوالفقار پپن کے علاوہ سابق وفاقی و صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ناظمین و نائب ناظمین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔