وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان حکومت کی زیر قیادت مفاہمتی عمل کا حامی ہے ۔پاکستان مستحکم اور پرامن افغانستان کی اہمیت سے آگاہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور افغان وزیر خارجہ زلمے رسول کی ملاقات نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس پر عمل درآمد کا عزم کیا۔ ملاقات میں دونوں وزرا خارجہ کے درمیان پاک افغان سرحد پر دراندازی کے واقعات پر بھی بات چیت ہوئی۔