بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے بڑھ کر 16گھنٹے کر دیا گیا
Posted on September 27, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) واپڈا کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے بڑھ کر 16گھنٹے کر دیا گیا ، جس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ گزشتہ دنوں واپڈا کی جانب سے جو اعلان کیا گیا تھا کہ شہروں میں صرف آٹھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے وہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ، گجرات شہر سمیت اردگرد کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کو پانچ سال ہونے کو ہیں ، مگر حکومت سمیت ادارے بھی اپنے ہی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنا سکے ، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے ، پھر بھی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا ، وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے اپنی خواہش پر یہ وزارت حاصل کی ہے ، مگر پھر بھی گجرات سمیت ان کی اپنی وزارت کے زیر انتظام چلنے والے ادارے بھی مسلسل مسائل سے دوچار ہیں ، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ کوئلہ آسٹریلیا سے خرید کر بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں ، کیونکہ پاکستانی کوئلہ سے فوری طور پر بجلی بنانا ممکن نہیں ۔
لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے اہم اقدامات کیے گئے ہیں ، اور اس میں کسی کو ریلیف نہیں دیا جا رہا ، جبکہ وفاقی وزیر سندھ ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر میں چوری ہونے والی بجلی اور بقایا جات وصول کرنے کیلئے کوئی لائحہ عمل مرتب کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں ، جبکہ پنجاب کی عوام بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے باوجود مہنگے داموں بجلی خرید کر اور واپڈا کو بل ادا کر رہے ہیں ، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سارے پاکستان کا بوجھ پنجاب کی عوام پر ڈال دیا گیا ہے ، لیکن پھر بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا حاصل نہیں ہو سکا ، مسئلہ جوں کا توں ہے۔