پشاور وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا کہ گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف انعام کا اعلان ذاتی حیثیت سے کیا ہے۔ پارٹی نے اس حوالے سے کوئی شوکاز نوٹس نہیں بھیجا ہے۔ وہ پشاورمیں میڈیا سے گفت گو کررہے تھے۔ غلام بلور نے کہا ہے کہ انہوں نے گستاخ رسول سے متعلق بیان دل کی آواز پر دیا ہے اور امید ہے کہ پارٹی بیان واپس لینے کا نہیں کہے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی ہٹ لسٹ سے ان کا نام ہٹانے سے متعلق اعلان ان کیلئے غیراہم ہے۔ اس سے قبل مسجد مہابت خان میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر غلام بلور نے کہا کہ امریکا اور یورپ میں گستاخ رسول ۖکو سزا دینے کے لئے قانون سازی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوسرا گستاخ رسول پیدا ہوا تو اس کے قتل کے لیے بھی ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کروں گا۔