مصر نے شام میں عرب فوجی مداخلت کی کال دیدی

Egypt

Egypt

مصر (جیوڈیسک)مصر نے شام میں کسی غیر ملکی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاہرہ شامی بحران کے خاتمے کے لئے عرب فوجی مداخلت کے لئے تیار ہے۔قاہرہ کے نئے سیاسی موقف کا اظہار صدر ڈاکٹر محمد مرسی کے مشیر سیف عبدالفتاح نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ترک خبر رساں ادارے کو جاری بیان میں عبدالفتاح کا کہنا تھا کہ قاہرہ، شام میں عرب فوجی مداخلت کے بارے میں قطری تجویز کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس تجویز کے سلسلے میں جلد ہی دوحہ اور انقرہ سے رابطہ قائم کیا جائے گا۔

صدر مرسی کے مشیر کے مطابق اس بات کا امکان موجود ہے کہ قاہرہ، قطری تجویز کے بارے میں سرگرمی دکھانے کے لئے ترکی کو مجبور کرے اور شام میں عرب مداخلت کی حمایت کی جائے۔ انہوں نے کہا صدر محمد مرسی اور ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوان کے درمیان پیش آئند ہ متوقع ملاقات میں اس تجویز پر بات ہو گی۔ عبدالفتاح نے مزید کہا کہ اصولی طور پر شام میں عرب مداخلت کے لئے تیار ہیں لیکن اس سے پہلے ہم اس مداخلت کے مقاصد اور حدود و قیود واضح کرنا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ مصر، شام میں غیر ملکی مداخلت کے اصول پر سختی سے کاربند ہے۔