کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا کی زیرصدارت قوم پرست جماعتوں کے اجلاس میں نئے بلدیاتی قانون پر مشاورت کی گئی ۔پیر پگارا کا کہنا ہے کہ سندھ کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔راجہ ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ق، شہریار مہر گروپ اور سندھ بچا کمیٹی، نیشنل پیپلز پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی نظام قانون کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔
پیر پگارا کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑی تو نئے قانون کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے وہ خود اندورن سندھ کا دورہ کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکرٹری امتیا ز شیخ نے کہا کہ وزارتوں سے استعفے دیئے جا چکے ہیں اور چاروں وزرا اور دو مشیروں اور دو معاون خصوصی نے عہد ے چھوڑ دیئے ہیں ، سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے راہنماء غلام شاہ نے کہا کہ تما م قوم پرست جماعتیں متحد ہیں۔ سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔