بھارت میں دماغی سوزش کی وباء سے 390 ہلاک

India

India

بھارت (جیوڈیسک) بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں دماغ کی سوزش کی وبا پھیلنے سے کم از کم 390 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں بیشتر بچے ہیں۔ بھارتی طبی حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی ضلع گورکھ پور اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں 2,511 متاثرہ مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں داخل کیا جا چکا ہے۔ اس وبا کا مرکز یہی ضلع ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی کیسز رواں برس جنوری میں سامنے آئے تھے لیکن جون میں مون سون کا سیزن شروع ہونے پر وباء پھوٹ پڑی۔

ریاستی ہیلتھ سروسز کے مطابق اس وائرس کے نتیجے میں کل 390 افراد مر چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ دو سو سے زائد ابھی تک مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دماغ کی سوزش عام طور پر وائرل انفیکشن کے باعث ہوتی ہے۔ بارشوں کے موسم میں اور اس کے بعد اس بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ موسم جون سے اکتوبر تک رہتا ہے۔ گورکھ پور میں بابا رگھو داس ہسپتال میں اس مرض کے نتیجے میں 340 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔