ٹوٹا ہوا دل

broken heart

broken heart

دل بھی عجیب چیز ہے، کبھی اپنے پیاروں کے ہاتھوں ٹوٹتا ہے، کبھی اپنے دشمنوں کے ہاتھوں، کبھی حالات اور اسباب کے ہاتھوں، تو کبھی تقدیر کے ہاتھوں اور کبھی کبھار تو خود اپنے ہاتھوں اپنا دل ٹوٹ جاتا ہے۔

ایسا لگتا ہے دل ٹوٹنے کے لیے ھی بنایا گیا ہے اور یہ بھی عجیب کرشمہ ہے کہ ہزار بار ٹوٹنے کے باوجود سانس کی رفتار چلتی رہتی ہے۔ ٹوٹ کر بھی یہ کم بخت دھڑکتا رہتا ہے۔ مگر دھڑکن رکنے پہ آئے تو جڑے ہوئے دلوں کی بھی رک جاتی ہے۔

سائنس نے اتنی ترقی کر لی مگر ٹوٹے ہوئے دلوں کا مرہم آج تک ایجاد نہ کر پائی۔ ہاں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ نشہ استعمال کرنے سے ٹوٹے ہوئے دل شاید جڑ جائیں لیکن یہ عمل بھی بیکار ثابت ہوا بلکہ یہ مزید ٹوٹے ہوئے دلوں کی کرچیاں کرتا ہے۔

سگریٹ کے کچھ کش لے لینے سے، نیند کی چند گولیاں کھا لینے سے ٹوٹے ہوئے دل کے عظیم درد کا مداوا نہیں ہو سکتا اور اس کو جوڑنے کے لیے بڑے سے بڑا نشہ کسی کام کا نہیں۔

غور کرنے کی یہ بات ہے کہ زندگی میں یہ دل کتنی ہزار بار ٹوٹتا ہے، کبھی صرف رکھنا پڑتا ہے، کبھی اس میں بال آ جاتے ہیں، کبھی اسکا دکھ مایوسی میں بدل جاتا ہے، کبھی مدہوشی میں اور کبھی بدحواسی میں، لیکن اسکی استطاعت دیکھیے کہ کتنے ہی دکھ سموتا جاتا ہے۔

desert

desert

پیاسی صحرا کی زمین کی طرح کہ پانی کا قطرہ ملے تو جذب کرتی جاتی ہے، یہ دل بھی جذب کرتا جاتا ہے۔

یہ پھر جادو کے اس شیشے کیطرح جو ہر بار ٹوٹنے پہ خود بہ خود ہی پہلے جیسا ہو جاتا ہے۔

کچھ دکھ ایسے ہوتے ہیں کہ جن سے ٹوٹنے والا دل پھر کبھی پہلے جیسا نہیں ہوتا، بلکہ وقت کے ساتھ پہلے سے بھی بہتر ہو جاتا ہے۔ ہاں لیکن ہمیں آنے والا وقت کب نظر آتا ہے؟ اس لیے ہم آنسو بہاتے رہتے ہیں۔

ایسا کہ میں نے ایک جگہ پڑھا تھا کہ دل کے تین باطنی حصے ہوتے ہیں۔ ایک میں نفس امارہ یعنی ذاتی لذتوں کا دائرہ ہوتا ہے، دوسرے میں شیطان کے توسط سے دنیاوی خواہشوں کا دائرہ ہوتا ہے اور تیسرے اور سب سے ضروری حصے میں رب کریم کی ذات ہوتی ہے۔

دل جب دنیا کے ہاتھوں یا خود کے ہاتھوں ٹوٹتا ہے تو ایک ہی حصہ اپنے عروج پہ باقی رہ جاتا ہے اور وہ ہے وہ حصہ جس میں رب کریم کا دائرہ ہوتا ہے۔ لیکن شیطان مایوسی کی بین بجا کے ہمیں اپنے اس حصے سے بے نیاز کرا دیتا ہے۔

حالانکہ اگر ایک بار صرف ایک بار اس لمحے کا تصور کیجیے جب دل کسی قسم کی ذاتی اور دنیاوی خواہش سے پاک ہو اور اس میں صرف محبت الٰہیہ ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سبحان اللہ، کیا حسین لمحے ہونگے وہ؟ ہمارے لیے کتنے قیمتی اور خوبصورت؟ خیال رہے یہ وہی لمحے ہوتے ہیں جب یہ دل ناداں ٹوٹتا ہے۔

تو دل ہزار بار اسلیے ٹوٹتا ہے کہ ہزار بار رب کی ذات کو محسوس کرنے کا موقع ملے، جسے ہم رونے دھونے میں گنوا دیتے ہیں، طعنہ تشنہ میں گنوا دیتے ہیں اور زیادہ تر ناشکری کے بیکار آنسوؤں میں بہا دیتے ہیں۔

تو ٹوٹے ہوئے دلوں والے عظیم لوگو!
آنسوؤں میں خود کو گم نہ کرو، سوچوں میں غلطان نہ ہو جاؤ، ایک ایسے لمحے کو ضائع نہ کرو جو تمہیں تمہارے رب سے رازونیاز کی بات کرنے کا موقع دے۔ وہ تمہارے دل میں تخت سجائے بیٹھا ہے اسکی قدرت کے یہ لمحے محسوس کرو۔

Allah in heart

Allah in heart

اپنے ٹوٹے ہوئے دل کی چلتی ہوئی سانسوں میں اس کی محبت کی خوشبو کو محسوس کرو گے تو وہ ایک لمحہ ہر دکھ مسکان بن جائیگا۔ دل پہ کوئی چوٹ باقی نہیں رہ جائیگی۔

اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جس دل میں رب عظیم کا دائرہ ہو وہ کبھی ٹوٹے؟ یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ اپنی ذات کے دھوکوں سے نکل آؤ۔ کیا یہ ممکن ہے جہاں ایک ایسی طاقت براجمان ہو کہ جس کے ہاتھ میں سب کچھ ہے، وہ جگہ کمزور ہو اور ٹوٹ جائے؟

یہ ہرگز ہرگز نہیں ہو سکتا۔ بس یہ دل کا ٹوٹنا صرف ہمارے ایمان کی کمزوری ہے اس پہ بھروسہ کی کمی ہے اور کچھ بھی نہیں۔