اسرائیل (جیوڈیسک) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔اسرائیلی زرائع کے مطابق نتن یاہو نے کہا ہے کہ ایک سو بیس ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمان کنیسا کے لیے نئے انتخابات جلد سے جلد کرائے جائیں گے۔ بنیامن نتن یاہو اسرائیلی عوام میں اب بھی بہت مقبول ہیں تاہم سالانہ بجٹ پر اپنے اتحادیوں کے درمیان اتفاق رائے قائم نہیں کر پائے ہیں۔
حکومت کی اتحادی جماعتیں فلاحی پروگراموں اور حکومت کی طرف سے دی جا رہی سہولیات میں کمی کے منصوبوں کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ نتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے وقت سے پہلے انتخابات کرانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اتحادیوں میں جھگڑے بڑھنے لگے ہیں اور اسی وجہ سے 2013 کے لیے ایک ذمہ دارانہ بجٹ منظور نہیں کرایا جا سکا ہے۔ ادھر نتن یاہو کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئے انتخابات میں ان کی لیکود پارٹی کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔