صدر آصف زرداری نے ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والی دونوں طالبات کے مفت علاج کا حکم دیا ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ ملالہ اور اس کی ساتھی طالبات قومی اثاثہ اور پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ملالہ پر حملے کے دوران زخمی ہونے والی دونوں طالبات شازیہ اور کائنات کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں طالبات کا سرکاری خرچ پر مفت علاج کیا جائے۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ ملالہ اور اس کی ساتھی طالبات نے خطرات کے باوجود علم اور روشنی کی راہ دکھائی۔
صدر زرداری نے تینوں طالبات کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ ادھر رکن صوبائی اسمبلی شیر شاہ ملالہ کی زخمی ساتھی کائنات کے گھر پہنچ گئے اور کائنات کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کی طرف سے گلدستہ اور پچاس ہزار جیب خرچ کے طور پر دیا۔ وزیر اعلی نے کائنات کے علاج کے سارے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔