شادی کے بعد دونوں نیگھر کے باہر کھڑے لوگوں کا شکریہ ادا کیا
بالی وڈ کے اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور نے منگل کے روز باقاعدہ شادی کر لی ہے۔ دونوں افراد کے خاندان کی موجودگی میں گھر پر رجسٹرڈ شادی ہوئی ہے۔ ممبئی کے معروف باندرہ علاقے میں واقع کرینہ کپور کی رہائشگاہ پر شادی ہوئی۔ اس موقع پر کرینہ کے والد رندھیر کپور اور کرشمہ کپور بھی موجود تھیں۔
میرج رجسٹرار سوریکھا لوہرے نے بتایا ہے کہ ان کی شادی ہوگئی ہے اور دونوں بہت خوش ہیں۔ مسٹر لوہرے نے بتایا کہ کرینہ کی طرف سے ان کی ماں ببیتا، باپ رندھیر جبکہ سیف کی طرف سے ان کی ماں شرمیلا ٹیگور نے دستخط کیے۔
دعوت ولیمہ ممبئی کے تاج ہوٹل میں شام کو ہے اور اطلاعات کے مطابق ایسا ہی ایک فنکشن دلی میں اٹھارہ اکتوبر کو ہوگا۔ سیف علی خان اور کرنیہ گزشتہ پانچ برس سے ایک ساتھ رہ رہے تھے۔
اس سے قبل اتوار کی شب دونوں کی شادی کی سنگیت تقریب کرینہ کپور کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔ شادی کی تیاریاں سیف کی بہن ادارکارہ صحی علی اور صبا علی خان کر رہی تھیں اور دلی اور ممبئی دونوں جگہوں پر جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیف علی خان کی ماں شرمیلا ٹیگور نے ولیمے کے لیے بھارتی صدر پرنب مکھرجی کو بھی دعوت بھیجی ہے۔ کرینہ کپور کے شادی کے ملبوسات منیش ملہوترا نے ڈیزائن کیے ہیں۔
بیالیس سالہ سیف علی خان کی یہ دوسری شادی ہے۔ پہلے ان کی شادی اداکارہ امرتا سنگھ کے ساتھ ہوئی تھی جو چند برس پہلے ٹوٹ گئی تھی۔ امرتا سنگھ سے ان کے دو بچے ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں۔ سنگیت کی تقریب میں سیف کی بہن صحی اور صبا کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی سارہ علی خان بھی موجود تھیں۔