لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے غیرملکی دورے سے وطن واپس پہنچتے ہی بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق محمد نوازشریف نے گذشتہ رات وطن واپس پہنچتے ہی ن لیگ کے سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں ملکی حالات، آئندہ انتخابات، مجوزہ احتساب بل، شمالی وزیرستان میں آپریشن سمیت ضمنی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔
جبکہ جہلم، گجرات سمیت متعدد اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کا چنا بھی عمل میں لایا جائے گا۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اسلام آباد میں ہونے والی متعدد معاملات پر پیش رفت پر بھی غور ہوگا اور نئے حالات میں اہم ایشوز پر اپنا لائحہ عمل بھی طے کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف کی رابطہ عوام مہم کو بھی حتمی شکل دی جائے گی جبکہ نوازشریف مختلف اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔