ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت رانا مشرف علی ناز نے گذشتہ روز اسلام آباد کا دورہ کیا

گجرات (جی پی آئی ) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت رانا مشرف علی ناز نے گزشتہ روز اسلام آباد کا دورہ کیا ، دورہ کے دوران انہوں نے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں ، اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہود و نصاریٰ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں ، اسی لئے آئے روز مختلف ایشوز اور پاکستانی قوم کے جذبات کو بھڑکیا جاتا ہے ، اور پاکستانیوں میں فرقہ واریت اور لسانیت کو فروغ دیا جا رہا ہے ، فروعی اختلافات کے ذریعے پاکستان کو کمزور بنانے کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں۔

ایسے میں تمام سیاسی و مذہبی حلقوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات کو بالائے تاق رکھتے ہوئے متحد ہو جائیں ، تا کہ پاکستان کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے ، فوجی آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتا ، ہمیں اپنے درمیان میں موجود کالی بھیڑوں کو خود ہی باہر نکالنا ہے ، اور اپنے مسائل خود حل کرنے ہیں ، رانا مشرف علی ناز نے سوات کی ہونہار طالبہ ملالہ یوسف زئی پر اور ان کی ساتھیوں پر حملہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی قوم کی بیٹی ہے ، اس پر حملہ پوری پاکستانی قوم پر حملہ ہے ، حکومت پاکستان کو چاہیے کہ اس حملہ کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے اور ملالہ یوسف زئی کے ساتھ ساتھ ان کی ساتھی طالبات کے علاج و معالجہ کیلئے اقدامات کیے جائیں ، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ قوم کی اس بیٹی کی حفاظت کرے اور اس کو صحت یابی عطا فرمائے ۔